بیدر۔26؍مئی۔(محمد امین نواز/ایس او نیوز) حالیہ کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے واحد مسلم مرد رکن اسمبلی کے طورپر جناب محمد رحیم خان منتخب ہوئے ہیں۔اور بنگلور کے بعد کرناٹک میں علاقہ حیدرآبادرکرناٹک میں مسلم آبادی کے تناسب سے منفرد مقام رکھتا ہے اس حساب سے جناب محمد رحیم خان کرناٹک کی کانگریس اور جنتادل(ایس) کی مخلوط حکومت میں وزیر کے دعویدار ہیں ۔اس سلسلہ میں جناب محمد فہیم الدین سیریکار چیرمن بیدر ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کی قیادت میں مُختلف مذاہب و سماج کی تنظیموں کے فیڈریشن نے آج کانگریس کے قومی صدر مسٹرراہل گاندھی کو مشترکہ طورپر ایک مکتوب روانہ کرکے مطالبہ کیا ہے کہ کرناٹک کی کانگریس۔جنتادل(ایس) کی مخلوط حکومت میں جناب محمد رحیم خان کو وزیر بنایا جائے تاکہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے ایک مسلم نمائندگی سے علاقے میں رہنے والے اقلیتوں بالخصوص مسلم ‘دلت ‘پسماندہ طبقات کے قائد جناب محمد رحیم خان سے انصاف ہوگا۔
علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں جناب محمد رحیم خان کو کابینہ میں شامل کرنے کی مانگ دن بدن شدت اختیار کرتی جارہی ہے، جہاں مختلف مسلم تنظیموں کی طرف سے مخلوط حکومت میں شامل کانگریس اور جنتادل(ایس) رہنماؤں سے پرزور نمائندگی کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف آج مختلف مذاہب کی تنظیموں کے فیڈریشن نے جناب محمد فہیم الدین سیریکار کی قیادت میں ایک مکتوب کانگریس کے قومی صدر مسٹر راہل گاندھی کو روانہ کرکے مانگ کی کہ ریاستی کابینہ میں علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے ایک مسلمان کو رحیم خان کی شکل میں شامل کیا جائے ۔
مکتوب میں اس بات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ جب ریاستِ کرناٹک میں کانگریس کی ایس ایم کرشنا حکومت تھی تب کابینہ میں 5مسلم وزراء کو جگہ دی گئی تھی ۔کانگریس ۔جنتادل(ایس) کی مخلوط حکومت میں بھی ایسا ہوسکتا ہے ۔ ان تنظیموں نے مکتوب میں بتایا ہے کہ جناب محمد رحیم خان کانگریس میں مُختلف عہدوں پر فائز رہ کر پارٹی کے تئیں بہتر کام کرتے ہوئے اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں اور انھوں نے دو مرتبہ بیدر حلقہ اسمبلی سے ضمنی انتخابات میں امتیازی کامیابی حاصل کی اور تیسری مرتبہ حالیہ کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے رکن اسمبلی منتخب ہوتے ہوئے علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے واحد مسلم مرد رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ۔ اس طرح تین مرتبہ کانگریس ٹکٹ پر حلقہ اسمبلی بیدر کیلئے کامیاب ہوئے ہیں ۔ان کی یہ خدمات وزیر کے عہدے سے سرفراز کرنے کی وکالت کرتی ہیں۔جناب محمد فہیم الدین سیریکار نے صحافیوں کو بتایا کہ ریاست میں دلتوں کے بعد مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی رہتی ہے۔ اس آبادی کو اقتدار میں مناسب حصہ داری ضروری ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے جناب محمد رحیم خان کابینہ میں شامل ہونے کا حق رکھتے ہیں لہذا ہم مسٹر راہل گاندھی قومی صدر کانگریس پارٹی سے مطالبہ کرتے ہیں ہمارے اس دیرینہ مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے جناب محمد رحیم خان کو کابینہ میں شامل کیا جائے ۔***